سری نگر،29؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر کے شوپیاں میں دہشت گردوں نے بدھ کو دوپہر پولیس کی ٹیم پر حملہ کردیا ۔ اس حملہ میں پولیس کے چار جوان شہید ہوگئے ہیں ۔ حملہ کے بعد دہشت گرد اپنے ساتھ تین اے کے 47بھی چھین کر فرار ہوگئے ۔ حملہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچنے سیکورٹی فورسیز کے اہلکاروں نے علاقہ کو گھیر لیا اور دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔
دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسیز پر اس وقت حملہ کیا جب یہ اپنی گاڑی کی مرمت کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ دو پولیس اہلکاروں کی جائے واقعہ پر ہی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
خیال رہے کہ اننت ناگ سیکٹر کے منورڈ میں صبح دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسیز کے درمیان مڈبھیڑ ہوئی تھی ۔ مڈبھیڑ میں دو دہشت گرد مارے گئے تھے ۔ علاقہ میں ابھی بھی تلاشی مہم جاری ہے ۔ مڈبھیڑ کے پیش نظر ضلع میں موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کو پوری طرح سے بند کردیا گیا ہے ۔